ڈیو چیپل ایک امریکی مزاح نگار، اداکار، مصنف، اور پروڈیوسر ہیں جو وہ 2003ء سے 2006ء تک نشر ہونے والے مقبول ٹی وی پروگرام ’’چیپلز شو‘‘ کے حوالے سے زیادہ مشہور ہیں۔
ڈیو چیپل نے 1998ء میں اسلام قبول کیا تھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ واشنگٹن ڈی سی میں میرے گھر کے سامنے ایک پیزا کی دکان تھی جہاں سب مسلمان کام کرتے تھے، میں وہاں جا کر لطیفے سنایا کرتا تھا۔ میں فطری طور پر ایک متجسس آدمی ہوں اس لیے میں دکان کے مالک سے اس کے مذہب کے بارے میں سوالات کرتا تھا۔ وہ ایک پرجوش آدمی تھا، اس نے مجھے متاثر کیا اور اس کا نقطہ نظر مجھے پسند آیا۔
ڈیو چیپل نے چند سال پہلے اپنے ایک کامیڈی شو میں اپنے مسجد الحرام مکہ مکرمہ جانے اور زمزم کے کنویں سے پانی پینے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں اس تجربہ کو بیان کیا اور اسلام میں زمزم کے پانی کی روحانی اہمیت کو اجاگر کیا۔
جہاں تک دوسرے مذاہب کے مقابلے میں اسلام کے بارے میں ان کے خیالات کا تعلق ہے، ڈیو چیپل نے رحمدلی، مساوات اور سماجی انصاف پر اسلام کے زور دینے کی تعریف کی ہے۔ اپنے مختلف انٹرویوز اور کامیڈی شوز میں انہوں نے اسلام اور دیگر ابراہیمی مذاہب جیسے یہودیت اور عیسائیت کے درمیان مماثلت کو اجاگر کیا ہے۔
ڈیو چیپل نے اپنے کام کو اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے بھی استعمال کیا ہے، جس میں افہام و تفہیم اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے اکثر مزاحیہ اور ذاتی کہانیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اگرچہ وہ کسی بھی مذہبی کمیونٹی کے اندر موجود خامیوں کو تسلیم کرتے ہیں لیکن وہ عام طور پر اسلام کو اپنی زندگی اور حالات میں ایک مثبت قوت کے طور پر دیکھتے ہیں۔
ڈیو چیپل نے کچھ عرصہ پہلے ’’دی نیشنل‘‘ کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’اسلام ایک خوبصورت مذہب ہے‘‘۔