نکولس انیلکا ایک فرانسیسی پروفیشنل فٹ بال مینیجر اور ایک ریٹائرڈ کھلاڑی ہیں جو بڑے یورپی فٹ بال کلبوں کی طرف سے کھیل چکے ہیں جن میں ریئل میڈرڈ، یووینٹس، پیرس سینٹ جرمین، چیلسی، آرسنل، مانچسٹر سٹی، ا ور لیورپول وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ڈچ ایریڈیویزی (لیگ) کےروڈا جے سی فٹ بال کلب کے تکنیکی عملے کے طور پر اور ممبئی سٹی فٹ بال کلب کے پلیئر مینیجر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔
فرانسیسی فٹبالر نے اپنے بچپن کے دوستوں کی صحبت سے 16 سال کی عمر میں عیسائیت سے اسلام قبول کیا۔ فرانسیسی قومی ٹیم کے اپنے ساتھی کھلاڑی فرانک رِبیری کے برعکس نکولس انیلکا نے اپنے مذہبی عقائد کو طویل عرصے تک نجی رکھا اور 2004ء کے دوران متحدہ عرب امارات میں انہوں نے باقاعدہ اسلام قبول کیا۔
نکولس انیلکا نے اپنا مسلمان نام عبدالسلام بلال اپنایا۔
نکولس انیلکا نے ایک بار کہا کہ
’’میں سولہ سال کا تھا جب میں نے اسلام قبول کر لیا تھا لیکن بھائی چارہ کے پہلو سے ہٹ کر اس سے میری زندگی تبدیل نہیں ہوئی کیونکہ میں پہلے سے ہی انہی اصولوں کے مطابق زندگی گزار رہا تھا — نیکی کی زندگی، اقدار کی پاسداری۔ میں رمضان کے روزے اس لیے رکھتا تھا کہ میں اپنے اردگرد روزے رکھنے والے لوگوں کی قدر کرتا تھا۔ جس چیز نے مجھے اسلام قبول کروایا وہ یہ یقین تھا کہ اسلام میرے لیے ہے۔ میں نے خدا کے ساتھ اس تعلق کو محسوس کیا اور اس نے میری زندگی کو منور کر دیا۔ میرے دل میں یہ یقین تھا کہ یہی میرا مذہب ہے۔ میں مسلمان ہونے پر خوش ہوں، اسلام امن کا مذہب ہے اور میں نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے۔‘‘