شام میں کس کے قبضہ میں کونسا علاقہ ہے؟

By admin, 1 January, 2025

شامی اپوزیشن کے جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرد فورسز سے شمال مشرقی شہر دیر الزور پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ ’’منبج‘‘ کے اردگرد کئی دنوں کی لڑائی کے بعد کرد زیرقیادت سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (SDF) اور ترکی کی حمایت یافتہ سیریئن نیشنل آرمی (SNA) کی طرف سے ہونے والے جنگ بندی کے اعلان کے بعد کی صورتحال ہے۔

’’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘‘ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شام کے ساحلی علاقے طرطوس میں فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، اور انہیں ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں اس علاقے میں ’’سب سے بھاری حملے‘‘ قرار دیا ہے۔

شام میں زمین پر کنٹرول کے لیے چار اہم گروپس مقابلہ کر رہے ہیں جو یہ ہیں:

(۱) شامی حکومتی افواج:

(اسد) حکومت کی مرکزی فوجی قوت، نیشنل ڈیفنس فورسز کے ساتھ مل کر لڑتی ہے جو حکومت کا حامی نیم فوجی گروپ ہے۔

(۲) سیریئن ڈیموکریٹک فورسز:

یہ کرد اکثریتی، امریکہ کی حمایت یافتہ گروپ، مشرقی شام کے کچھ حصوں کو کنٹرول کرتا ہے۔

(۳) ہیئۃ تحریر الشام اور دیگر اتحادی اپوزیشن گروپس:

ہیئۃ تحریر الشام سب سے بڑی جنگجو قوت ہے اور حزبِ اختلاف کے زیر قبضہ ادلب میں سب سے مضبوط گروپ ہے۔

(۴) ترکی اور ترکی سے منسلک شامی باغی افواج:

شامی قومی فوج شمالی شام میں ترکی کی حمایت یافتہ باغی فورس ہے۔

اسرائیل نے شام بھر میں سینکڑوں اہداف کو نشانہ بنایا:

بشار الاسد کی برطرفی کے بعد، اسرائیلی افواج نے شام میں اپنے سب سے بڑے فضائی حملوں میں سے ایک کا آغاز کیا ہے، جس میں 480 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں اہم ہوائی اڈے، فضائی دفاعی تنصیبات، لڑاکا طیارے، بحری جہاز اور دیگر اسٹریٹجک انفراسٹرکچر شامل ہیں۔

لطاکیہ اور البیدا کی بندرگاہوں پر بمباری کی گئی، جبکہ تیاس ایئربیس کے ساتھ ساتھ دمشق اور قمشلی ایئرپورٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج کا تخمینہ ہے کہ اس نے شام کی 80 فیصد فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے جسے وہ اپنی تاریخ کی سب سے بڑی جارحانہ کارروائیوں میں سے ایک قرار دیتا ہے۔

اسرائیلی فوج اور ایک شامی جنگی نگران نے کہا کہ اہداف میں یہ شامل ہیں:

  •  فضائی دفاعی نظام، راڈار، میزائل لانچرز اور فائرنگ کی پوزیشنیں۔
  •  لڑاکا طیارے، فوجی ہیلی کاپٹر اور متعدد ایئر بیسز پر ہینگرز (جہازوں کے گودام)۔
  •  کم از کم 15 بحری اہداف جن میں بحری جہاز اور میزائل بوٹس شامل ہیں۔
  •  ہتھیاروں کے ڈپو، کارخانے اور مختلف قسم کے میزائل۔
  •  شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے پروگرام سے منسلک سائنسی تحقیقی مراکز

aljazeera.com