VPN ایک ایسی سروس ہے جو خفیہ سرنگ کا کام کرتی ہے، اس کے ذریعے آپ بغیر کسی ریکارڈ میں آئے انٹرنیٹ پر موجود دنیا کے کسی بھی نیٹ ورک سے منسلک ہو سکتے ہیں۔ آج کل پاکستان میں قومی سطح پر VPN پر پابندی کی بحث چل رہی ہے تو اس بارے میں مختصراً دیکھ لیتے ہیں کہ یہ کیا چیز ہے اور اس پر پابندی ہونی چاہیے یا نہیں۔
VPN سروس کا فائدہ کیا ہے؟
یہ آپ کے انٹرنیٹ کنکشن پر آنے جانے والے ڈیٹا کو انکرپٹ کر کے نگرانی سے بچاتی ہے، خاص طور پر اپنے گھر کے علاوہ کہیں اور انٹرنیٹ استعمال کرنے کی صورت میں۔ جب آپ کسی اور کا وائی فائی استعمال کرتے ہیں تو تکنیکی طور پر وہ آپ کے موبائل یا کمپیوٹر پر ڈیٹا کی آمد و رفت کی نگرانی کر سکتے ہیں۔ لیکن اگر VPN سروس کے ذریعے ان کا انٹرنیٹ کنکشن استعمال کیا جائے تو پھر وہ یہ نہیں دیکھ سکتے کہ کنکشن پر آنے جانا والا ڈیٹا کس نوعیت کا ہے۔ یہ کوئی فوٹو ہے، ویڈیو ہے، آواز ہے، کسی ویب سائیٹ کی لاگن انفرمیشن ہے، یا کچھ اور۔
VPN سروس کیسے کام کرتی ہے؟
یہ آپ کے کمپیوٹر کے آئی پی ایڈریس کی بجائے متبادل آئی پی ایڈریس استعمال کرتی ہے جس سے اس کمپیوٹر کی آن لائن سرگرمیاں خفیہ رہتی ہیں۔ مثال کے طور پر کوئی ویب سائیٹ جو آپ دیکھنا چاہتے ہیں وہ امریکہ میں کسی کمپیوٹر پر ہے۔ VPN سروس آپ کے کمپیوٹر کو کسی اور ملک میں موجود نیٹ ورک سے منسلک کرے گی جیسا کہ جرمنی، ہالینڈ، ڈنمارک وغیرہ۔ یہ کسی اور ملک میں موجود نیٹ ورک امریکہ کی ویب سائیٹ کا ڈیٹا حاصل کر کے آپ کے کمپیوٹر کو پہنچائے گا۔ یہ سارا عمل پس منظر میں ہوتا ہے اور صارف کی رسائی مطلوبہ ویب سائیٹ تک معمول کے مطابق غیر محسوس انداز میں ہوتی ہے۔
VPN سروس عام طور پر کس لیے استعمال ہوتی ہے؟
VPN سروس کا زیادہ تر استعمال اس صورت میں ہوتا ہے جب کسی ایسی ویب سائیٹ یا سروس تک رسائی کی ضرورت ہو جس پر پابندی لگائی گئی ہو۔
اس کی ایک صورت یہ ہے کہ بعض کمپنیاں یا ادارے اپنی ویب سائیٹس صرف مخصوص ممالک میں مہیا کرتے ہیں، یا یوں کہہ لیں کہ بعض ممالک کو اپنی آن لائن سروسز مہیا نہیں کرتے۔ اس صورت میں VPN کے استعمال سے ان سروسز تک رسائی ایک طرح سے ان کمپنیوں کی اجازت کے خلاف ہے۔
دوسری صورت یہ ہے کہ آپ کی اپنی حکومت نے مختلف نوعیت کی ایسی ویب سائیٹس پر پابندی لگا رکھی ہے جن کی سروسز ملک کے قوانین کے خلاف سرگرمیوں پر مبنی ہیں۔ اس صورت میں VPN کے ذریعے ان ویب سائیٹس کا استعمال اپنے ملک کے قوانین سے تجاوز ہے۔
پابندی ہونی چاہیے یا نہیں؟
ایک بات بہت خاص ہے کہ VPN سروس استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ تو آپ سے بے خبر ہوتا ہے لیکن VPN سروس آپ کے بارے میں جانتی ہے، اور اگر وہ خود آپ کی نگرانی کر رہی ہو تو پھر معاملہ کچھ اور ہی رخ اختیار کر جاتا ہے۔ بہرحال ان معلومات کے پیش نظر آپ خود فیصلہ کیجیے کہ VPN پر پابندی ہونی چاہیے یا نہیں!