ترجمان ڈاٹ کام پر خوش آمدید!
اس بلاگ ویب سائیٹ پر اب تک کی تحریروں سے آپ نے اندازہ کر لیا ہو گا کہ ہم نے تعارفی اور معلوماتی دائرے میں مختلف موضوعات پر ہلکے پھلکے انداز میں مختصر تحریریں شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ مثال کے طور پر: دنیا کب اور کیسے وجود میں آئی، اس حوالے سے چند پیراگراف میں سائنس کا نقطۂ نظر بتایا گیا ہے۔ پاکستان کے پرچم کی تاریخ کیا ہے، یہ کس نے بنایا، اور اس کے مختلف حصوں کا مطلب کیا ہے، وغیرہ۔ اسی طرح پاکستان کے زراعتی نظام اور اس کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے ایک قدرے تفصیلی تحریر شائع کی گئی ہے۔ گلاب کا پھول کس حوالے سے مقبول ہے اور اس کے فوائد کیا ہیں، مختصر انداز میں اس پر کچھ معلومات اکٹھی کی گئی ہیں۔ اسی طرح ایک مشہور فرانسیسی فلسفی کا ایک اقتباس آنحضرت ﷺ کے کمالات کے حوالے سے پیش کیا گیا ہے۔ بس کچھ اسی طرح کے تنوع اور نہج پر یہ سلسلہ جاری رکھنے کا ارادہ ہے جو امید ہے کہ پسند کیا جائے گا، اور یہی پسندیدگی اس سلسلہ کے جاری رہنے کا سبب ہو گی، ان شاءا للہ تعالیٰ۔ ترجمان ڈاٹ کام پر شائع ہونے والی تحریروں کے حوالے سے ایک خاص بات قابل ذکر ہے کہ آپ کو ان کے بعض حصے انگریزی سے اردو ترجمہ کا شائبہ دیں گے، یہ دراصل مصنوعی ذہانت کی سروسز کی مدد سے اکٹھی کی گئی معلومات کی وجہ سے ہے، جن میں مائیکروسافٹ کوپائیلٹ، میٹا اے آئی، اور گوگل جیمنی نمایاں ہیں۔ اس کے ساتھ یہ بات ذکر کرنا بھی مناسب ہو گا کہ چونکہ یہ ایک بلاگ نوعیت کی ویب سائیٹ ہے اس لیے اس کی تحریروں کو مرتب کرتے وقت معلومات کے حوالہ جات جمع و محفوظ نہیں کیے جاتے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ باقاعدگی سے ترجمان ڈاٹ کام پر آتے رہیں گے اور اس سفر میں ہماری حوصلہ افزائی فرماتے رہیں گے، شکریہ!