AI یا مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس کی ایک شاخ ہے جس کا میدان ایسے انٹیلیجنٹ کمپیوٹر سسٹمز تخلیق کرنا ہے جو اکثر خاص کردار کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ ایسے مصنوعی کردار جنہیں بہت سے مواد اور تجربوں تک رسائی ہوتی ہے جن کی بنیاد پر وہ فیصلے کرتے ہیں۔ یہ کردار بحث کر سکتے ہیں، سیکھ سکتے ہیں، اور خود مختاری سے کام کر سکتے ہیں۔ آسان الفاظ میں AI کا مقصد ایسی مشینیں بنانا ہے جو انسانوں کی طرح سوچ سکیں اور ان کی طرح برتاؤ کر سکیں۔ AI ٹیکنالوجی زندگی کے مختلف شعبوں میں انسانوں کو مدد دیتی ہے اور کئی شعبوں میں خودکار طریقے سے کام کرتی ہے، ان میں نمایاں درج ذیل ہیں۔
طب و صحت
میڈیکل رپورٹس اور طبی تصاویر کا تجزیہ کرتے ہوئے مریض کی تشخیص کرتی ہے اور بیماریوں کی فوری شناخت ممکن بناتی ہے۔ علاج کی منصوبہ سازی میں مدد دیتی ہے اور نتائج کی پیشین گوئی کرتی ہے۔ ادویات کی تیاری کا عمل AI کی پیشین گوئیوں کی مدد سے تیز رفتار ہو جاتا ہے۔
تجارت و کاروبار
مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کی بنیاد پر اس کے متوقع رجحانات کی پیشگوئی کرتی ہے۔ خودکار طور پر سرمایہ کاری کے فیصلے کرتی ہے۔ ذاتی نوعیت کے مالی مشورے دیتی ہے۔ مشکوک لین دین کی نشاندہی کرتی ہے۔ دھوکہ دہی کا پتہ لگاتی ہے اور مالی نقصانات کو روکتی ہے۔ قرض کی اہلیت اور سرمایہ کاری کے خطرات کا جائزہ لیتی ہے۔
صارفین کی خدمت
AI سے چلنے والے چیٹ بوٹس فوری کسٹمر سپورٹ فراہم کرتے ہیں اور سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔ AI اطمینان کی سطح کو سمجھنے کے لیے کسٹمر کے تاثرات اور جذبات کا جائزہ لیتی ہے۔ کسٹمر کے ڈیٹا کا تجزیہ کرتے ہوئے سروس کے استعمال کے حوالے سے اس کے رویوں کی پیشگوئی کرتی ہے۔ کسٹمر کی ترجیحات کی بنیاد پر مصنوعات یا خدمات تجویز کرتی ہے۔
پیداوار اور کارخانے
مصنوعات کی تیاری کے عمل کو بہتر بناتی ہے اور نگرانی کی ضروریات کی پیشگوئی کرتی ہے۔ نقائص کا پتہ لگانے کی غرض سے مصنوعات کا معائنہ کرتی ہے اور مطلوبہ معیار کو یقینی بناتی ہے۔ آلات اور مشینوں کی خرابی کی پیشگوئی کرتی ہے جس سے مصنوعات کی تیاری کے دوران واقع ہونے والا ممکنہ وقفہ اور اخراجات کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ AI روبوٹس بار بار ان تھک انداز میں کام انجام دیتے ہیں اور بہتر کارکردگی پیش کرتے ہیں۔
نقل و حمل
ٹریفک کے رش کو کم کرتی ہے، نقل و حرکت کو رواں کرتی ہے، اور گاڑیوں کے بہاؤ کو منظم رکھتی ہے۔ ٹریفک کی صورتحال کے مطابق بہتر راستے تجویز کرتی ہے۔ اوقات کار کے تعین اور ساز و سامان کے انتظام کو بہتر بناتی ہے۔ AI ٹیکنالوجی پر مبنی گاڑیاں بغیر ڈرائیور کے سفر کر سکتی ہیں۔
تعلیم و تربیت
تعلیمی مواد کو طالب علم کی انفرادی ضروریات کے مطابق ترتیب دیتی ہے۔ تعلیمی سرگرمیوں کی خودکار درجہ بندی کرتی ہے اور ٹیوشن سپورٹ فراہم کرتی ہے۔ انفرادی رہنمائی دیتی ہے اور تاثرات و رجحانات ترتیب دینے میں مدد کرتی ہے۔ اساتذہ کے لیے گریڈنگ کے عمل کو خودکار بناتی ہے۔
تفریح
صارف کی ترجیحات کی بنیاد پر فلموں، ٹی وی شوز اور موسیقی وغیرہ کی تجویز کرتی ہے۔ کھیل، گیمز، تفریح اور تربیت میں منفرد تجربات تخلیق کرتی ہے۔ تخلیقی مواد تیار کرتی ہے جیسے تحریر، تصویر اور موسیقی وغیرہ۔
حفاظت و نگرانی
نگرانی کے دوران معمول سے ہٹ کر سامنے آنے والے حالات کی نشاندہی کرتی ہے۔ ملازمین کی بے ضابطگیوں کا پتہ لگاتی ہے۔ واقعات کا تجزیہ کرتی ہے، خطرات کی نشاندہی کرتی ہے، اور حفاظتی اقدامات کو مضبوط بناتی ہے۔
ماحولیات
موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھتی ہے، وسائل کے استعمال کو بہتر بناتی ہے، اور قدرتی آفات کی پیشگوئی کرتی ہے۔
ساز و سامان کا انتظام
مارکیٹ کی طلب کی پیشگوئی کرتی ہے اور انوینٹری مینجمنٹ کو بہتر بناتی ہے۔
سائنسی تحقیق
گزشتہ تجربات اور مواد کی روشنی میں دریافتوں اور ایجادات کے عمل کو تیز کرتی ہے۔ انسانی صلاحیتوں کے دائرہ سے باہر بڑے ڈیٹا سیٹس کا تجزیہ کرتی ہے۔
گھریلو کام
AI روبوٹس اور سروسز گھریلو کاموں میں مدد کرتے ہیں اور بہت سا وقت بچاتے ہیں۔
زبانوں کا ترجمہ
مختلف زبانوں کا ترجمہ کرتی ہے اور روز مرہ کے کاموں کو تیز رفتاری سے انجام دینے میں مدد دیتی ہے۔
معذوروں کی رہنمائی
معذور افراد کی سرگرمیوں کو آواز، تصویر اور تحریر کی شناخت کے ذریعے بہتر بناتی ہے۔