عالمی معیشت میں ’’پیٹروڈالر‘‘ نظام کا کردار
ایران میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جنگ (فروری 2026ء) نے عالمی معیشت کے حوالے سے دنیا بھر میں خوف پیدا کر دیا ہے۔ اگر آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) بند رہتی ہے، اور دبئی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستیں حملوں کی زد میں رہتی ہیں، تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو سکتا ہے۔ ٹرمپ نے اب ایران پر یہ حملہ کیوں کیا ہے؟ ہر بات کا سرا امریکی 'پیٹرو ڈالر' (Petrodollar) سسٹم سے جا ملتا ہے۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد سے تیل ہی عالمی معیشت کی اساس رہا ہے۔ لیکن اصل میں یہ پیٹرو ڈالر سسٹم ہے کیا؟ یہ کیسے کام کرتا ہے؟ اسے کیوں نافذ کیا گیا تھا؟ اور پیٹرو ڈالر کا مستقبل کیا ہے؟ اس ویڈیو میں ہم اس موضوع کا گہرائی سے جائزہ لیں گے۔ پچھلے 70 سالوں سے امریکی خارجہ پالیسی اور تمام تر جغرافیائی سیاست (geopolitics) پیٹرو ڈالر کے گرد ہی گھومتی ہے۔ پہلی خلیجی جنگ (1990ء-1991ء) سے لے کر عراق جنگ (2003ء-2011ء)، یوکرین پر روسی حملے (2022ء)، اور اب ایران کے ساتھ موجودہ جنگ (2026ء) تک، سب کچھ اسی سے وابستہ ہے۔
دنیا کی معیشت بظاہر مختلف مالیاتی اداروں، بینکوں اور اسٹاک مارکیٹوں کے ذریعے چلتی نظر آتی ہے، مگر حقیقت میں عالمی اقتصادی نظام کے پیچھے ایک ایسا میکانزم بھی موجود ہے جس نے گزشتہ پچاس برسوں میں عالمی سیاست، تجارت اور مالیاتی طاقت کے توازن کو گہرائی سے متاثر کیا ہے۔ اس نظام کو عموماً پیٹرو ڈالر نظام (Petrodollar) کہا جاتا ہے۔ پیٹرو ڈالر صرف تیل کی تجارت کا طریقہ نہیں بلکہ ایک ایسا مالیاتی ڈھانچہ ہے جس نے امریکی ڈالر کو عالمی معیشت کا مرکزی کردار بنا دیا ہے۔
جدید معیشت میں تیل کی اہمیت
تیل دراصل جدید صنعتی اور معاشی نظام کی اہم ترین ضرورت ہے۔ گاڑیوں، ہوائی جہازوں اور بحری جہازوں کو چلانے کے لیے ایندھن فراہم کرنے کے علاوہ پلاسٹک، کیمیکلز، کھاد اور بے شمار صنعتی مصنوعات کی تیاری میں بھی تیل استعمال ہوتا ہے۔ بعض ممالک میں بجلی کی پیداوار بھی تیل پر منحصر ہے۔
چونکہ تیل ہر ملک کی معیشت کے لیے ضروری ہے، اس لیے عالمی سطح پر اس کی خرید و فروخت کی ایک بہت بڑی مارکیٹ موجود ہے۔ کچھ ممالک جیسے سعودی عرب تیل کے بڑے فراہم کنندہ ہیں، جبکہ دیگر ممالک جیسے جاپان یا کئی یورپی ریاستیں بڑی مقدار میں تیل استعمال کرتی ہیں مگر خود ان کے ہاں تیل نہیں پایا جاتا۔ یہی فرق عالمی تیل کی تجارت کا نظام تشکیل دینے کا باعث بنا ہے۔
1944ء کا بریٹن ووڈز معاہدہ
دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر دنیا کا بیشتر حصہ معاشی تباہی کا شکار تھا، مگر امریکہ کی معیشت نسبتاً مضبوط رہی۔ اسی پس منظر میں 1944ء میں ’’بریٹن ووڈز معاہدہ‘‘ (Bretton Woods Agreement) ہوا جس کے تحت امریکی ڈالر کو عالمی مالیاتی نظام کا مرکزی ستون قرار دیا گیا۔ اس معاہدے کے مطابق امریکی حکومت نے وعدہ کیا کہ ہر ڈالر کو مقررہ شرح پر سونے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اسی وجہ سے دیگر ممالک نے اپنی کرنسیوں کو بھی ڈالر کے ساتھ منسلک کر لیا۔ یوں ڈالر عالمی مالیاتی نظام کی بنیادی ضرورت بن گئی۔
1971ء میں گولڈ سٹینڈرڈ کا خاتمہ
1971ء میں امریکی صدر رچرڈ نکسن نے اچانک اعلان کیا کہ امریکی ڈالر کو اب سونے سے تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کو نکسن شاک کہا جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں دنیا گولڈ سٹینڈرڈ سے نکل کر فیاٹ (Fiat) کرنسی نظام میں داخل ہو گئی۔ فیاٹ کرنسی وہ سرکاری رقم ہوتی ہے جس کی پشت پناہی کسی دھات یا مادی اثاثے سے نہیں بلکہ ریاستی اعتماد اور معاشی استحکام سے ہوتی ہے۔ اگرچہ سونے کی ضمانت ختم ہو گئی، مگر امریکی معیشت کی وسعت اور پہلے سے موجود عالمی تجارتی ڈھانچے کی وجہ سے ڈالر بدستور عالمی تجارت میں غالب رہا، کیونکہ امریکی حکومت کو مضبوط اور امریکی معیشت کو مستحکم سمجھا گیا۔
وقت کے ساتھ ساتھ امریکی ڈالر دنیا کی ریزرو کرنسی بن گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کے بیشتر مرکزی بینک اپنے ذخائر میں بڑی مقدار میں ڈالر رکھتے ہیں تاکہ بین الاقوامی تجارت اور مالیاتی استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
1974ء میں امریکہ اور سعودی عرب کا پیٹروڈالر معاہدہ
لیکن 1973 میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے ڈالر کی عالمی حیثیت کو ایک نئی شکل دے دی۔ عرب تیل پیدا کرنے والے ممالک نے ’’یوم کپور جنگ‘‘ کے دوران اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک خصوصاً امریکہ کو تیل کی فراہمی روک دی۔ اس اقدام سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں چار گنا بڑھ گئیں اور مغربی معیشتیں شدید مہنگائی اور قلت کا شکار ہو گئیں۔
اس بحران کے بعد امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا۔ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب نے یہ وعدہ کیا کہ وہ اپنا تیل صرف امریکی ڈالر میں فروخت کرے گا، جبکہ اس کے بدلے امریکہ سعودی عرب کو فوجی تحفظ اور سیاسی حمایت فراہم کرے گا۔ چونکہ سعودی عرب دنیا کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک میں شامل تھا، اس لیے دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک نے بھی یہی طریقہ اختیار کر لیا۔ یوں عالمی تیل کی تجارت عملی طور پر ڈالر سے منسلک ہو گئی، اور اسی نظام کو ’’پیٹرو ڈالر نظام‘‘ کہا جاتا ہے۔
پیٹروڈالر کا نظام کیسے کام کرتا ہے؟
پیٹرو ڈالر نظام کی بنیاد ایک سادہ اصول پر قائم ہے: چونکہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک کو تیل کی ضرورت ہے، اور تیل صرف ڈالرز کے عوض خریدا جا سکتا ہے، چنانچہ ہر ملک اپنے ذخائر میں ڈالرز کی ایک کثیر تعداد رکھا ہے۔ مثال کے طور پر جاپان جیسے ممالک کو اپنی صنعتوں اور ٹرانسپورٹ کے لیے بڑی مقدار میں تیل درکار ہوتا ہے، اس لیے تیل خریدنے کے لیے انہیں پہلے ڈالر حاصل کرنا پڑتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ امریکی اثاثوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں یا اپنے مرکزی بینک میں ڈالر کے ذخائر رکھتے ہیں۔
اس مسلسل طلب کے باعث امریکی ڈالر عالمی معیشت میں مضبوط رہتا ہے۔ اس سے خود امریکہ کو کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں: امریکی حکومت کم شرح سود پر قرض لے سکتی ہے، عالمی مالیاتی نظام میں اس کا اثر و رسوخ بڑھ جاتا ہے، نیز امریکہ اقتصادی پابندیوں کے ذریعے بھی دیگر مختلف ممالک پر دباؤ ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسی طرح تیل برآمد کرنے والے ممالک کو جب ڈالر کی شکل میں آمدنی حاصل ہوتی ہے تو وہ اسے صرف ذخیرہ نہیں کرتے بلکہ مختلف سرمایہ کاریوں میں لگاتے ہیں۔ اس عمل کو پیٹرو ڈالر ری سائیکلنگ کہا جاتا ہے۔ یہ ممالک امریکی سرکاری بانڈز خریدتے ہیں، امریکی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، عالمی ریئل سٹیٹ (جائیداد کی خرید و فروخت) میں حصہ لیتے ہیں، اور مالیاتی اداروں میں انویسٹ کرتے ہیں۔ اس طرح ڈالر دوبارہ امریکی مالیاتی نظام میں واپس آ جاتا ہے۔
پیٹرو ڈالر نظام کو درپیش چیلنجز
حالیہ چند برسوں میں کچھ ممالک نے تیل کی تجارت ڈالر کے بجائے دیگر کرنسیوں میں کرنے کی کوشش شروع کی ہے۔ روس، چین، بھارت اور بعض دیگر ممالک نے یورپی کرنسی یورو یا چینی کرنسی یوان میں تجارت کے تجربات کیے ہیں۔ اسی مقصد کے لیے کچھ ممالک نے برکس اتحاد (BRICS) کے ذریعے عالمی تجارت میں ڈالر کے انحصار کو کم کرنے کی حکمتِ عملی بھی اپنائی ہے۔ تاہم پیٹرو ڈالر نظام سے مکمل طور پر نکلنا آسان نہیں کیونکہ عالمی مالیاتی معاہدے، انشورنس، قیمتوں کے تعین، اور تجارتی نظام وغیرہ، سب بڑی حد تک ڈالر کے گرد گھومتے ہیں۔ اسی لیے بہت سے ممالک سیاسی اختلافات کے باوجود عملی طور پر ڈالر ہی استعمال کرتے رہتے ہیں۔
چین اور روس بتدریج ڈالر پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ روس نے چین کے ساتھ تیل کی تجارت یوان اور روبل میں بڑھا دی ہے، نیز چین نے امریکی بانڈز کی مقدار بھی کم کر دی ہے۔ اسی طرح چین اپنے تجارتی شراکت داروں کو یوان میں ادائیگیوں کی ترغیب دے رہا ہے۔ تاہم یہ تبدیلی فوری انقلاب کی شکل میں نہیں بلکہ ایک سست اور تدریجی عمل کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔
