بہتر ترجمانی کی ضرورت!
امریکہ کی ایک ریاست ہے ٹیکساس، سب نے سنا ہے، اور وہ بہت بڑی ریاست ہے اور اس کا پورا بارڈر میکسیکو سے لگا ہوا ہے۔ اور بارڈر کے دونوں طرف زیادہ تر لوگ سپینش زبان بولنے والے ہیں۔ تو وہاں پہ ایک ڈاکو تھا میکسیکو کا، اس کا نام تھا ہورے راڈریگس، وہ بارڈر کراس کر کے آرام سے آجاتا تھا ٹہلتا ہوا، یہاں بینک لوٹتا تھا اور بھاگ جاتا تھا وہاں، پکڑائی نہیں دیتا تھا۔ اور ایک عرصے سے یہ سلسلہ چل رہا تھا۔
اور وہ جو ٹیکساس رینجرز ہے، جو بارڈر پہ پولیس ہوتی ہے، آپ نے دیکھا ہو گا ٹی وی پہ بھی، وہ اس کے پیچھے لگی ہوئی تھی لیکن پکڑ نہیں پا رہی تھی۔ اور ایک آفیسر کو باقاعدہ اپوائنٹ کیا گیا کہ اس کو پکڑنا ہے تم نے، تم بڑے ایفیشنٹ ہو۔ تو وہ لگا رہا۔ اچانک اس کے مخبر نے بتایا کہ ہورے راڈریگس آیا ہوا ہے۔ اس کا مطلب ہے کوئی نئی واردات کرے گا۔ اور وہ فلاں کنٹینا میں بیٹھا ہوا ہے۔ جیسے ہمارے ہاں ریسٹورنٹ ہوتے ہیں، کیفے ہوتے ہیں، وہاں کینٹینا کہلاتے ہیں، وہ بار وغیرہ جو ہوتی ہے۔
اِس نے وردی چڑھائی پسٹل وسٹل نکالا اور جا کر پہنچ گیا۔ اس نے سامنے دیکھا، اس کے ذہن میں تھا کہ وہ لگتا کیسا ہے۔ اس نے جاتے ہی ریوالور نکالا اور کہا راڈریگس! I've been chasing you for a while میں کب سے تیرے پیچھے پڑا ہوں اور آج تو میرے ہتھے چڑھ گیا ہے۔ اور اب میں تجھے چالیس سیکنڈز دیتا ہوں مجھے بتا دے کہ سارا پیسہ جو بینکوں سے تم نے لوٹا ہے وہ کہاں رکھا ہے؟ ورنہ میں تیرا بھیجہ اڑا دوں گا۔
اب وہ راڈریگس اِس کو دیکھ رہا ہے کہ واقعی یہ آفیسر غصے میں ہے اور ہاتھ میں ریوالور ہے، گبھرانے لگا، تو اس نے بولنا شروع کیا۔
اب مسئلہ یہ تھا کہ آفیسر بول رہا تھا انگریزی، اور راڈریگس بول رہا تھا سپینش۔ دونوں کو سمجھ نہیں آ رہی۔ تو اچانک، ایک لڑکا بیٹھا ہوا تھا اسی بار میں، یا کنٹینا میں، وہ چل کر سامنے آیا اور کہنے لگا، میرے کو دونوں زبانیں آتی ہیں، اگر آپ اجازت دیں تو میں انٹرپریٹ کر دوں؟ انہوں نے کہا، یقیناً۔
آفیسر نے کہا، اس کو بتاؤ کہ چالیس سیکنڈ میں مجھے یہ بتائے کہ سارا پیسہ لوٹا ہوا کہاں ہے، ورنہ میں اس کا بھیجہ اڑا دوں گا۔
وہ راڈریگس کی طرف مڑا اور سپینش میں کہا کہ یہ کہہ رہا ہے چالیس سیکنڈز میں تیرا بھیجہ اڑا دے گا، صحیح صحیح بتا دے پیسہ کہاں ہے۔ اس نے کہا، اس سے جلدی کہو ورنہ یہ غصے میں ہے، مار دے گا، اس سے جلدی کہو کہ میں نے پیسہ یہاں سے باہر نہیں نکالا بلکہ اسی گاؤں کے باہر جو تین ٹیلے چھوڑ کر چوتھا درخت ہے اس کے نیچے دبائے ہوئے ہیں۔ میں اچھے وقت کا انتظار کر رہا ہوں کہ جب شفٹ کروں گا۔ اس نے کہا بتاؤ جلدی۔
وہ مڑا اور آفیسر سے کہا، راڈریگس کہہ رہا ہے کہ یہ ایک بہادر آدمی ہے، مرنا پسند کرے گا۔
تو وہ سارا خزانہ اب کہاں گیا؟ سوچیے! تو کمیونیکیشن کے مسائل کیسے ہوتے ہیں، کیا آپ کو اسی انداز سے دیکھنا اور سمجھنا ہے؟
